فیض آباد /ایودھیا، 18؍اکتوبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہندؤں کے لئے خصوصیت کا حامل شہر ایودھیا میں دیوالی کا جشن مذہبی جوش و خروش سے منایا جا رہاہے جس میں یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ،گورنررام نائک اور نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ کے علاوہ اور بھی سینئر بھاجپائی لیڈران موجود تھے ۔ اس تقریب میں یوگی نے رام کی سواری کا استقبال کیا اور رام کی آرتی بھی اتاری ۔
یوگی نے اپنے موقع پر کہا کہ وکاس کے ساتھ ساتھ ہم رام راجیہ کے قیام کے لئے جد و جہد کر رہے ہیں ، نریندر مودی کی قیادت میں ملک تیزی کے ساتھ ترقی کررہا ہے ہمیں گندگی سے پاک بھارت بنانے پر کام کرناہوگا ۔ اس موقع پر اپوزیشن اور سابقہ حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ بجلی کی پوزیشن پہلے سے بہتر ہوئی ہے ، اس وقت راون راج تھا اب رام راج ہے ، رام راج اس کو کہتے ہیں جہاں کوئی بھید بھاؤ اور منافات نہ ہو ۔ یوگی نے مزید کہا کہ ایودھیا میں گھاٹوں کی تزئین کاری کیلئے سرکار اپنی کوشش کر رہی ہے ۔یوگی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ ملک او ردنیا کو دیوالی منانے کا موقع ایودھیا نے فراہم کیا ہے۔ایودھیا میں سریو ندی کے کنارے تقریبا ایک لاکھ شمعیں روشن کی جائیں گی ۔ واضح ہو کہ اس دیوالی میں یوگی سرکار ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں ایک لاکھ اکہتر ہزار شمعیں روشن کی جائیں گی ،جس میں دو ہزار لیٹر تیل کے خرچ کا امکان ہے ۔ اس عظیم الشان دیومالائی تقریب کے اہتمام اور قدیم دیومالائی مقامات کی تزئین کاری میں 134کروڑ روپے یوگی سرکار خرچ کرنے کے ارادے میں ہے ۔ واضح ہو کہ یہ وہی یوپی ہے جہاں آکسیجن کے بغیر دو سو سے زائد بچوں کی ہلاکت ہوئی اوران کے اہل خانہ کی زندگی کے دیئے ہمیشہ کیلئے گل ہوگئے ۔ بچوں کی مبینہ ہلاکت پر کئی متنازعہ بیان بھی سامنے آئے تھے جس میں یوپی کے وزیر صحت نے کہا کہ اگست میں بچے یوں ہی فوت ہوتے ہیں؛ لیکن تعجب ہے کہ جن رام بھکتوں کی شمع حیات گل ہوئی تھی آج اسی رام کی خوشی اور رضامندی کیلئے ایک لاکھ اکہتر ہزار دیئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سریو ندی کے کنارے روشن کرنے جا رہے ہیں ۔